پاکستان کوسٹ گارڈزکی کارروائیاں، 18 افراد گرفتار، ایرانی ڈیزل، 23گاڑیاں قبضے میں لے لیں

238

کراچی۔18 جون(اے پی پی) پاکستان کوسٹ گارڈز نے سمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران تقریبا10کروڑ74لاکھ روپے مالیت کی چھالیہ، ایرانی ڈیزل،23گاڑیاں اور ایک لانچ قبضے میں لے کر18افراد کوگرفتار کرلیا۔ کوسٹ گارڈز سے جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ وندر اور گوادر(بلوچستان)سے بھاری مقدار میں چھالیہ، ایرانی ڈیزل اور متفرق اشیاءسمگل ہونے کا خدشہ ہے جس پر پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈر نے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کی۔ کوسٹ گارڈز نے ناکہ کھاری چیک پوسٹ اور وندر شہر کے قریب مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران34,394کلو گرام چھالیہ اور 45ٹن فلو رائٹ سٹون برآمد کرتے ہوئے17 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک اور کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے 91عدد ٹائر، 16بیگ چائنا سالٹ اور غیر قانونی طریقے سے سمگل کی جانے والی گاڑی کو نان کسٹم پیڈ، کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے تحویل میں لے لیا، ملزم رات کی تاریکی کافائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ دوسری کارروائی میں گوادر(بلوچستان)میں کھلے سمندر میں مچھلی کا شکار کر نے والی لانچ کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا 18,000لیٹر ایرانی ڈیزل برآمدکر کے ایک شخص کو گرفتار کر لیا اور لانچ کو قبضے میں لے لیا گیا۔ اسی طرح کوسٹ گارڈز نے جیوانی جٹی (گوادر)سے 25تارکین وطن جن میں ایک نائیجریا کی شہری بھی شامل ہے گرفتارکرلیا۔ یہ تمام افراد غیر قانونی طور پر بیرون ملک سے پاکستان آنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد تمام تارکین وطن کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیاگیا ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔