پاکستان کوسٹ گارڈز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی بطور مہمان خصوصی شرکت

162
پاکستان کوسٹ گارڈز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی بطور مہمان خصوصی شرکت
پاکستان کوسٹ گارڈز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی بطور مہمان خصوصی شرکت

کراچی۔10اپریل (اے پی پی):پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹرکورنگی میں ریکروٹس بیچ نمبر 40کی پاسنگ آٹ پریڈکی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پرسول اور مسلح افواج کے اعلی افسران،معززین ِعلاقہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاس آوٹ ہونے والے ریکروٹس کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دوران ٹریننگ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کئیں۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ محمد انتظار کو ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزکے اعزازی ٹرافی سے نوازاگیا،دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ زرار حسین اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ خاورحسین کو میڈلز سے نوازاگیا

۔مہمان خصوصی نے پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پاس آوٹ ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کا شمار ملک کی ایک اہم اور باوقار فورس کے طور پرکیا جاتا ہے جو بیک وقت سمندر اور زمین پر تعینات ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے جو اس کو دیگر نیم فوجی اداروں (CAFs)سے ممتاز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف ہمیشہ نہایت اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کی انہی کوششوں کی وجہ سے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ جس پر یہ ادارہ بلاشبہ تعریف کا مستحق ہے۔

مہمان خصوصی کا کہنا تھاکہ ہم سب ایک قوم ہیں اور سبزہلالی پرچم تلے متحد ہیں خواہ ہمارا تعلق پاک فوج، نیوی، ایئر فورس، رینجرز، ایف سی، اے ایس ایف،پولیس اور پاکستان کوسٹ گارڈز سے کیوں نہ ہو۔ آج ان تمام اداروں کے آفیسرز کی موجودگی ہماری اس قومی یگانگت اور اتحاد کا مظہر ہے۔ خطاب کے بعد پاس آٹ ہونے والے ریکروٹس نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ پریڈ میں مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے پریڈ کے ہر مرحلے پر ریکروٹس کو دل کھول کر داد دی اور ان کے اعلی پیشہ ورانہ کردار اور تربیت کے معیار کو سراہا۔