اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):پاکستان کوگزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طورپر9.811 ارب ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی ہے۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کودوطرفہ، کثیرالجہتی اوردیگرزرائع سے مجموعی طورپر9.811 ارب ڈالرکی معاونت موصول ہوئی۔ مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کوکثیرالجہتی شراکت داروں کی جانب سے مجموعی طورپر4.279 ارب ڈالرکی معاونت موصول ہوئی جن میں گرانٹس کی صورت میں 80.98 ملین ڈالر اور قرضوں کی صورت میں 4.198 ملین ڈالرکی معاونت شامل ہے،
کثیرالجہتی شراکت داروں میں سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 1.327 ارب ڈالر، سی اے ٹی آئی سی 508.34 ملین ڈالر، اے آئی آئی بی 344.99 ملین ڈالر، آئی بی آرڈی 295.87 ملین ڈالر، آئی ڈی اے 1.922 ارب ڈالر، ایفاد42.43 ملین ڈالر، اسلامی ترقیاتی بینک 67.46 ملین ڈالر،اسلامی ترقیاتی بینک کے مختصرقرضوں کی صورت میں 250 ملین ڈالر اوراوپیک فنڈ کی جانب سے 29.11 ملین ڈالرکی معاونت شامل ہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2024 کے دوران پاکستان کودوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے مجموعی طورپر919.43 ملین ڈالرکی معاونت موصول ہوئی جن میں سے گرانٹس کی صورت میں 114.07 ملین ڈالر اورقرضوں کی صورت میں 805.36 ملین ڈالرکی معاونت شامل ہے۔
دوطرفہ شراکت داروں میں سے چین کی جانب سے پاکستان کو69.14 ملین ڈالر، فرانس 49.57 ملین ڈالر، جرمنی 36.93 ملین ڈالر، جاپان 36.48 ملین ڈالر، کوریا 35.36 ملین ڈالر، سعودی عرب 66.29 ملین ڈالر، سعودی تیل سہولت 595.18 ملین ڈالر اورامریکا کی جانب سے 40.18 ملین ڈالرکی معاونت موصول ہوئی۔ بیرونی کمرشل قرضوں کی صورت میں 999.04 ملین ڈالر، نیاپاکستان سرٹیفیکٹس 1.104 ارب ڈالر اورٹائم ڈیپازٹس کی مد میں 2 ارب ڈالرموصول ہوئے۔