اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کویت تعلقات میں استحکام اور مزید بہتری آئے گی، دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، عمران خان کے وژن اور فکر کے مطابق بلاد اسلامیہ اور عرب کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں بہتر کر رہے ہیں، کویت کی جانب سے ویزوں کی پابندی کے خاتمے کے حوالے سے کویت کی قیادت کے مشکور ہیں، 39 سال بعد عراق کا وزیر خارجہ کی سطح کا دورہ ہوا ہے،
کویت کی حکومت اور عوام پاکستانی قوم اور حکومت کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں،کویت کی قیادت اور عوام وزیر اعظم عمران خان کے دورہ کویت کی منتظر ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں کویت کے سفیر نصار عبدالرحمن المطیری سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے منگل کو کویت کے سفارتخانہ کا دورہ کیا اور کویت پاکستان تعلقات کی مزید بہتری کیلئے اقدامات کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کویت کی قیادت کی طرف سے وزیر داخلہ شیخ رشید کے دورہ کے دوران ویزوں کی بحالی کے حوالہ سے اعلان پر کویت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پاکستان میں کویت کے سفیر نصار عبدالرحمن المطیری نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات بہت مستحکم اور مضبوط ہیں، مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران پاکستان کے ڈاکٹرز کا کویت جانا انتہائی قابل تحسین عمل ہے ، پاکستانیوں کیلئے ویزا کی بحالی اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں ویزوں کے اجراءکا عمل شروع ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب ، وزیر خارجہ کا دورہ مصر اور عراق ، وزیر داخلہ کا دورہ کویت وزیراعظم پاکستان کے وژن اور سوچ کے مطابق ہے
، پاکستان سے وزیر خارجہ کی سطح کا عراق کادورہ 39 سال بعد، مصر کا دورہ دس سال بعد اور کویت سے ویزوں کی بحالی 11 سال بعد ہوئی ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی بڑی واضح ہے کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ممالک کیلئے کھلا ہے اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ ہر سطح پر تمام شعبوں پر تعلقات میں اضافہ ہمارا ہدف ہے۔