ٹنڈومحمدخان۔12 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکل معاشی صورتحال کا سامناہے، آئی ایم ایف پروگرام تمام تر مسائل سے نکلنے میں مددگار ثابت ہوگا، آئی ایم ایف سے قرضہ لے کر گزشتہ قرض اتارنا نہیں بلکہ ملکی صورتحال کو بہتر کرنا ہے،موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں 40 کروڑ کی مالیت سے نرسنگ کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں نرسنگ کا شعبہ اپنا معیار رکھتا ہے، ٹنڈومحمدخان میں نرسنگ کالج کو امراض قلب کے ہسپتال کے ماتحت کیا گیا ہے، جو کہ کارڈیک کے تحت پہلا نرسنگ کالج ہے۔سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرض لینا مجبوری ہے، پاکستان اس وقت انتہائی مشکل وقت سے گزر رہا ہے، قرض ملنے کے بعد روپے کی قدر میں استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو پالیسی اپنا رہے ہیں وہ قرض لے کر قرض اتارنا نہیں ہے، بلکہ قرض لے کر ملکی صورتحال کو مستحکم کرنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس نا دینے والوں کی تعداد زیادہ ہے، ملک میں قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے اور جمہوریت کے لئے ضروری ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے۔ضمنی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انتخابات پر بہت پیسہ خرچ ہوتا ہے۔