اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت پر روایتی جنگ میں واضح اور فیصلہ کن برتری حاصل ہو چکی ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور اب تک 77 ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا جو پاکستان کی فضائی صلاحیتوں اورفوجی برتری کا واضح ثبوت ہیں۔
جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا ہمارا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے، پاکستان نے اپنا یہ حق ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا ہے اور کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے نہ صرف عسکری محاذ پر اشتعال انگیزی کی بلکہ اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے داخلی سطح پر میڈیا پر بدترین پروپیگنڈا مہم شروع کی۔ بھارتی میڈیا پر منظم انداز میں فیک نیوز، پرانی تصاویر اور جعلی وڈیوز کے ذریعے ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے جو بھارتی حکومت کی گھبراہٹ، ناکامی اور بدحواسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا جس سے بھارت کو مزید ہزیمت اٹھانا پڑی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جھوٹے بیانیے کے ذریعے بھارت نے اپنی ناکامی چھپانے کی ناکام کوشش کی جسے پوری دنیا نے دیکھا اور بھارت کو مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594811