اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):پاکستان کو جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں مجموعی طورپر 4.285 ارب ڈالر کی غیر ملکی معاونت موصول ہوئی ۔ وزارت اقتصادی امور کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر 2023 تک کی مدت میں پاکستان کو کثیر الجہتی شراکتداروں کی جانب سے 786.64 ملین ڈالر کی معاونت گرانٹس اور قرضوں کی صورت میں موصول ہوئی ۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے پاکستان کو 120.47 ملین ڈالر ، اے آئی آئی بی کی طرف سے 32.44 ملین ڈالر، آئی بی آرڈی کی جانب سے 88.19 ملین ڈالر ، آئی ڈی اے کی جانب سے 402.45 ملین ڈالر ، آئی ایف اے ڈی کی جانب سے 15.29 ملین ڈالر ، اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 100 ملین ڈالر جبکہ اوپیک فنڈ کی جانب سے پاکستان کو 27.81 ملین ڈالرکی معاونت موصول ہوئی۔
اعدادوشمار کے مطابق دوطرفہ شراکتداروں کی طرف سے مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پاکستان کو مجموعی طورپر 583 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی۔ دوطرفہ شراکتداروں میں چین کی طرف سے پاکستان کو 8.26 ملین ڈالر، فرانس کی طرف سے 20.15 ملین ڈالر ، جرمنی کی طرف سے 3 ملین ڈالر، جاپان کی طرف سے 17.08 ملین ڈالر، جنوبی کوریا کی طرف سے 10.98 ملین ڈالر اور سعودی عرب (تیل سہولت) کی مد میں 500 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی۔
دوطرفہ اور کثیرالجہتی شراکتداروں کی طرف سے مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پاکستان کو مجموعی طورپر 1.369 ارب ڈالر کی معاونت موصول ہوئی ۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ٹائم ڈیپازٹ کی مد میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی صورت میں پاکستان کو 407.49 ملین ڈالر کی معاونت موصول ہوئی ۔