پاکستان کو دنیا کے ساتھ ہم آہنگ رہنے اور درست و بروقت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، صدر عارف علوی کی اوورسیز انویسٹر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو

215

کراچی۔16فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور اس سلسلے میں انتخابات کے ذریعے سیاسی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دنیا کے ساتھ ہم آہنگ رہنے اور درست و بروقت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار اوورسیز انویسٹر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

صدر نے کہا کہ وسیع سیاسی اونرشپ مثبت تبدیلی کی کلید ہے اور یہ صرف انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کی صلاحیت پر بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے سب سے بڑے حامی رہے ہیں، آئی ٹی کا شعبہ قومی نہیں بلکہ بین الاقوامی بنیادی ڈھانچے پر منحصر ہے اور اس کے لئے افرادی قوت کی ضرورت ہے، یہ وہ چیز ہے جس سے پاکستان موجودہ مشکل وقت میں بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو درپیش پیچیدہ مسائل کے آسان حل کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر وفد نے صدر مملکت کو حال ہی میں کیے گئے کاروباری اعتماد کے متعلق سروے کے بارے میں آگاہ کیا ۔وفد نے پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر پریزنٹیشن میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، ای گورننس، ویب 3.0 ٹیکنالوجیز کے انٹیگریشن اور ممکنہ پالیسی آپشنز کے طور پر ڈیجیٹل ریگولیشنز پر روشنی ڈالی گئی۔