پاکستان کو رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران کورونا ویکسین کی 17.2 ملین ڈوزز ملیں گی، آئی ایم ایف

66
منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):پاکستان کورواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران کورونا ویکسین کی 17.2 ملین ڈوزز ملیں گی۔ عالمی مالیاتی فنڈز(آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی یو این کو ویکس سہولت کے تحت پاکستان میں وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے طبقات کے تحفظ کےلئے حفاظتی ویکسین فراہم کی جائے گی۔رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کو آکسفورڈ آسٹرازنکا ویکسین کی 17.2 ملین خوارکیں فراہم کی جائیں گی جن کی مدد سے ملک کی تقریباً 20 فیصد آبادی کوکووڈ 19 سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی۔ آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کووڈ 19 کے بحران سے نمٹنے کےلئے مختلف اقدامات کررہا ہے۔ پاکستان کو فروری 2021 کے اوائل میں چین کی جانب سے 0.5 ملین ویکسین کی خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں جبکہ رواں ماہ کے اختتام پر ویکسین کی مزید 0.6 ملین خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے روس میں تیار کی جانے والی حفاظتی ویکسین سمیت دیگر مختلف کمپنیوں کی ویکسین کے حصول کےلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستانی حکام عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے فنڈز کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں تاکہ 250 ملین ڈالر کی مزید ویکسین کی براہ راست خریداری کی جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2021 کے اختتام تک پاکستان کو 17 ملین حفاظتی ویکسین کی خوراکیں مل جائیں گی جبکہ مارچ 2021 کے اختتام تک آکسفورڈ آسٹرازنکا کی 6 تا 7 ملین ویکسینز بھی پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔