اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اے پی پی) پاکستان کو سعودی عرب کی طرف سے موخر ادائیگیوں پر 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ماہانہ تیل کی فراہمی نئے مالی سال کے آغاز پر شروع ہو جائے گی۔ سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر 27 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ماہانہ تیل کی سپلائی نئے مالی سال کے آغاز پر پیر یکم جولائی سے شروع کر دی گئی ہے جو تین سال تک جاری رہے گی۔ موخر ادائیگیوں کی حوالے سے تین سالوں میں پاکستان کو 9 ارب 90 کروڑ ڈالر قرض تیل فراہم کرے گی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں سعودی عرب کی طرف سے اقتصادی سپورٹ پیکج کے تحت تین سالوں کے دوران قرض پر تیل کی فراہمی کا اعلان ہوا تھا جس سے پاکستان کے بیرونی ادائیگیوں کے توازن میں مدد ملے گی۔ مزید برآں دونوں ممالک کے درمیان 20 ارب ڈالر کے معاہدے طے پائے تھے۔ اس پیکج کا مقصد سعودی قیادت کی جانب سے پاکستانی معیشت اور مالیاتی استحکام ہے، اس سے حکومت کو اقتصادی چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملے گی اور پاکستان میں جامع ترقی کے اہداف حاصل ہو سکیں گے اور اس سے دو برادر اسلامی ممالک کے درمیان بھائی چارے اور عوامی روابط کے فروغ میں مزید گہرائی آئے گی۔