پاکستان کو سفارتی محاذ پر بے پناہ کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں، وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور

110
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور
27 فروری کوپاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی نے پوری پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کیا، علی امین خان گنڈا پور

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے سفارتی سطح پر پاکستان کی حالیہ کامیابیوںکو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے اور اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان کی متحرک سفارت کاری کی بدولت پاکستان کو سفارتی محاذ پر بے پناہ کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے بعد یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کی جانب سے کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید پامالی سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی رپورٹ کی تائید پاکستان اور کشمیریوں کےلئے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے جس سے مسئلہ کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے اور اس مسئلہ کے دیرپا حل کےلئے بین الاقوامی برادری کی رائے عامہ ہموار کرنے میں بے پناہ مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر جس طرح پاکستان کے مثبت تشخص کو پذیرائی مل رہی ہے اُس کی ماضی قریب میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مخلص، شفاف اور قابل اعتماد قیادت کے باعث بین الاقوامی دُنیا کا پاکستان پر اعتماد میں زبردست اضافہ ہورہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پلوامہ حملہ کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جو منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کیا اُس کو روس، امریکہ ،چین ،سعودی عرب سمیت دُنیا کے اہم ممالک نے ماننے سے انکار کردیا ہے، انہوں نے پاکستان کی پالیسی کی تائید کرتے ہوئے مسائل کے حل کےلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے عمل کو بحال کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو انتہاءپسندی اور اپنے مفادات کی خاطر بھارت انتہا پسندی کے جس راستے پر گامزن ہے اُس سے بھارت خود ہی دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ انہوں نے جے پور کی جیل میں بے گناہ پاکستانی شہری کی شہادت اور بھارت کے دیگر علاقوں میں کشمیریوں سمیت دیگر مسلمانوں کے گھیراﺅ جلاﺅ ،قتل غارت اوراملاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نام نہاد سیکولر اور جمہوریت کا پرچار کرنے والے بھارت کا ہندو انتہاءپسندانہ بدنما چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 70 سال گزرنے کے باوجود بھی پاکستان کے خلاف تعصب کی آگ میں جل رہا ہے اور حیلے بہانے سے پاکستان کودھمکیاں دیتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستا ن کی قیادت عمران خان کے ہاتھوں میں ہے جنہوں نے بھارت اور مسئلہ کشمیر سے متعلق انتہائی ٹھوس اور واضح موقف اپنا رکھا ہے جس کو آج پوری پاکستانی اور کشمیری قوم کی بھرپور تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو دُنیا کے تمام فورمزپر بے نقاب کرنے کا عمل جاری رکھے گا اور ساتھ ہی خطہ میں امن کےلئے تمام ترکوششیں بھی جاری رکھی جائیں گی۔ انہوںنے کہاکہ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرکے اپنی زندگیاں آزاد فضاﺅں میں اپنی مرضی سے گزار سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان ایک لمحہ ضائع کئے بغیر کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کو سفارتی محاذ کے ساتھ ساتھ معاشی محاذ پر بھی بھرپور کامیابیاں حاصل ہوں گی اور پاکستان عمران خان کی قیادت میں دُنیا کا ایک عظٰیم ملک بن کر سامنے آئے گا۔