اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے 160 ملین ڈالر امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو مون سون کی شدید بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے، سیلاب کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں، بڑی تعداد میں املاک کو نقصان پہنچا ہے اور روزگار کے ذرائع ختم ہوئے ہیں، بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی امیدیں اور خواب بکھر گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری نے ان خیالات کا اظہار منگل کو پاکستان فلڈ ریسپانس پلان 2022 کے آغاز کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے اپنے خصوصی ویڈیو خطاب میں کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کے علاوہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور چیئرمین ریلیف کوآرڈینیشن کمیٹی احسن اقبال، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان ، اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہارنیس، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، غیر ملکی سفیروں اور امداد دینے والے اداروں کے سربراہوں کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مون سون کی شدید بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے، سیلاب کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی ضرورت ہے، بڑی تعداد میں املاک کو نقصان پہنچا ہے اور روزگار کے ذرائع ختم ہوئے ہیں، بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی امیدیں اور خواب بکھر گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کا ہر صوبہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے ساتھ لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے اور ان کی میزبانی کرنے والے ملک کو درپیش مشکلات پر دل رنجیدہ ہے، پاکستان کو سیلاب سے سخت صورتحال کا سامنا ہے، پاکستان کی حکومت نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے فنڈز جاری کئے کئے ہیں جس میں فوری نقد امداد بھی شامل ہے لیکن ضرورت کا اندازہ سیلاب کی طرح بڑھ رہا ہے، دنیا کو اس جانب اپنی توجہ مبذول کرنی چاہئے، اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے 160 ملین ڈالر امداد کی فلیش اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس رقم سے52 لاکھ افراد کو خوراک، پانی، سینی ٹیشن، ہنگامی امداد اورصحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کو موسمیاتی تبدیلی سے سخت صورتحال کا سامنا ہے اور اس خطے میں لوگوں کو موسمیاتی تبدیلی سے مرنے کے خطرات 15 گنا زیادہ ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستانی عوام غیر معمولی مون سون کا سامنا کررہے ہیں،گرین ہائوس گیس عالمی حدت کا باعث بن رہی ہے، دنیا نے ماحولیاتی مسائل کو پس پشت ڈال دیا ہے جس نے ہم میں سے ہر کسی کو بڑھتے ہوئے خطرے میں ڈال دیا ہے، حکومت پاکستان نے بین الاقوامی برادری سے مدد طلب کی ہے، ہمیں اس بحران سے ملکر نمٹنا چاہئے، ہمیں مشکل اور ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستان کی مدد کرنی چاہئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=324623