پاکستان کو سیلاب سےہونے والی تباہ کاریوں کے بعد تعمیر نو کےلیے بین الاقوامی برادری کی بڑی امداد کی ضرورت ہے ، سیکرٹری جنرل اقوم متحدہ

156

اقوام متحدہ۔20دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد تعمیر نو کے عمل کےلیے بین الاقوامی برادری کی بھر پور امداد کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ ملک پاکستان میں تعمیر نو کے کام کے لیے امداد کو متحرک کرنے سے متعلق جنیوا میں 9جنوری سے ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے حوالے سے پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی’’اے پی پی‘‘ کی جانب سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بین الاقوامی برادری پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کےوزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ کانفرنس کی میزبانی کریں گے۔

پاکستان میں سیلاب کے باعث 3کروڑ 30لاکھ افراد متاثر اور 1700جاں بحق ہوئے ہیں۔ سیکرٹری جنرل نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کےدوران کہا کہ وہ پاکستان کی مدد کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرنے سے متعلق ہر ممکن کوشش کے لیے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کیا اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہ کاریوں نے انہیں حیران کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ میرے ملک پرتگال کے کل رقبہ سے بھی تین گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے باعث فصلوں، مویشیوں ، گھروں اور انسانی زندگیوں کو ہولناک نقصان پہنچا جو ایک بالکل تباہ کن صورتحال ہے اور انہیں یقین ہے کہ عالمی برادری کی مضبوط ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے جس نے ماحولیاتی تبدیلی میں بہت کم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے آنے والی جنیوا کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد ان وسائل کو مکمل طور پر متحرک کرنا ہے جن کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ساتھ بھی حالیہ رابطے میں تھا اور انہیں امید ہے کہ یہ دونوں ادارے بھی بامعنی اقدامات کریں گے اور پاکستانی عوام کو مضبوط بین الاقوامی یکجہتی کی ضرورت ہے۔