اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو شدید ترین ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ملک کا بیشتر حصہ زیر آب ہے، معاشی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، تمام متعلقہ فریقوں کو اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ”سی این بی سی“ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوپ 27 ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات، نقصانات اور بحالی کے حوالے سے انتہائی اہم ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے انکار نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں حالیہ سیلاب بھی موسمیاتی تبدیلی سے آیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، خطرات سے بچنے اور بحالی کے لئے پوری دنیا کے ممالک کو ملکر کام کرنا ہوگا کیونکہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب اور قدرتی آفات کا سامنا ہے، سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو شدید جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں، پاکستان کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے سیلاب سے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے، دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اس کا حل تلاش کرے۔