پاکستان کو مالی سال کے پہلے ماہ میں دوطرفہ اورکثیرالجہتی شراکت داروں سمیت مجموعی طورپر 436.39ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول

152
Ministry of Economic Affairs
Ministry of Economic Affairs

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان کوجاری مالی سال کے پہلے ماہ میں دوطرفہ اورکثیرالجہتی شراکت داروں سمیت مجموعی طورپر 436.39ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی ہے۔وزارت اقتصادی امورکی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2024میں ملک کوکثیرالجہتی شراکت داروں کی جانب سے مجموعی طورپر201.01ملین ڈالر اور دوطرفہ شراکت داروں کی جانب سے 107.68 ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی، دوطرفہ اورکثیرالجہتی شراکت داروں کی مجموعی معاونت کاحجم 308.69 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاہے جبکہ 127.70ملین ڈالرکی معاونت دیگرذرائع سے موصول ہوئی۔

اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں کثیرالجہتی شراکت داروں میں سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 54.05ملین ڈالر، اے آئی آئی بی 8.54ملین ڈالر، آئی بی آر ڈی 20.54ملین ڈالر،آئی ڈی اے 111.88ملین ڈالر،ایفاد4.54ملین ڈالر،اسلامی ترقیاتی بینک 0.71ملین ڈالر اوراوپیک فنڈ کی جانب سے 0.75ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں چین کی جانب سے پاکستان کو96.36ملین ڈالر،جرمنی 3.56ملین ڈالر، جاپان 0.25ملین ڈالر،سعودی عرب 2.69ملین ڈالر اورامریکا کی جانب سے 4.42ملین ڈالرکی غیرملکی معاونت موصول ہوئی۔جولائی 2024میں نیاپاکستان سرٹیفکیٹس کی صورت میں پاکستان کو127.70ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا۔