راولپنڈی۔28ستمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیّد عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو مختلف طریقوں سے پہنچنے والے معاشی نقصانات سے نجات دلانے کے لئے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر اور پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں۔ آرمی چیف نے اپنے دورہ لاہور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کاروائیاں جاری رکھیں، غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔
فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے ان تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف کی لاہور آمد پر کورکمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔