پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا ہے، سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوئے ہیں،رضاکاروں کی تعداد کو بڑھانا ہو گا، فیصل کریم کنڈی

79
عمران خان سیاستدان نہیں محض کٹھ پتلی تھے،فیصل کریم

راولپنڈی۔28ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی سینیٹر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا ہے، سندھ اور بلوچستان زیادہ متاثر ہوئے ہیں،رضاکاروں کی تعداد کو بڑھانا ہو گا،عالمی طاقتیں اورترقی یافتہ ملک کاربن کے مضر اثرات سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کریں اور پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں مدد کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اور فیئر فنانس پاکستان کے اشتراک سے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے نقصانات اور انرجی سکیورٹی کے حوالے سے سٹڈی رپورٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس سے پہلے صدر چیمبر ندیم رئوف نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسی اختیار کریں انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی ایک اہم مسئلہ ہے اور اس اہم موضوع پر زیادہ آگاہی کی ضرورت ہے۔

فیئر فنانس پاکستان کے نمائندے عاصم جعفری نے کہاکہ حکومت کلین ایئر کا ایکٹ لائے اور قانون سازی کرے، بنکوں کو چایئے کہ وہ گرین بینکنگ کے تحت قابل تجدید توانائی کے حصول کے لیے سستے قرضے دیں، آن لائن پلیٹ فارم زوم پر پالیسی اینالسٹ ڈاکٹر عابد برقی سمیت ڈبلیو ڈبلیو ایف اور آئی یو سی این کے نمائندوں نے بھی شرکاءسے خطاب کیا اور سوالات کے جواب دیئے۔

اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر عاصم ملک، نائب صدر طلعت اعوان ، نومنتخب عہدےداران، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور ممبران کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔