راولپنڈی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی مرزا محمد عرفان بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان کو کرپشن کے ناسور سے آزاد کرنے کیلئےنیب اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور ان حالات میں کہ جب بدعنوانی کا ناسور ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہا ہے ،
نیب اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں متحرک انداز میں سرانجام دے رہا ہے۔یہ بات انہوں نے پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقدہ ایک تقریب میں کہی ۔ تقریب سے کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے بھی خطاب کیا۔مرزا محمد عرفان بیگ نے کہا کہ ملک میں معاشی اور معاشرتی عد م استحکام کی بڑی وجہ بدعنوانی کا عنصر ہے اور اس ضمن میں ہمیں قانونی اقدامات کے ساتھ ساتھ اعلی اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے باہمی تعاون کی پالیسی سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے،
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیےنیب نے جو شمع جلائی ہے وہ قابل تحسین ہے اور اداروں کے استحکام، بنیاد اور انکی ترقی کیلئے اعتماد سازی اور ایمانداری بنیادی عنصرہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی پالیسیوں کا تعلق دولت کی گردش سے براہ راست جڑا ہے جبکہ مالیاتی پالیسیاں دراصل وہ اصول، قوانین اور ضوابط ہیں جو ٹیکس کے نفاذ اور وصولیوں، اخراجات اور آمدن کے حصول کا تعین کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے افراط زر میں اضافہ ہوتا ہے اور اس سے پوری معاشرتی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے