پاکستان کو ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیوں کے بعد آزاد کرایا، سید یوسف رضا گیلانی

146

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیوں کے بعد آزاد کرایا، ملک کی حفاظت کرنا ہم سب پر فرض ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کے لیے بھی خطرناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان سویٹ ہوم میں منعقدہ یوم آزادی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کا مقصد اپنے پیارے پاکستان سے محبت کا اظہار کرنا ہے، تحریک آزادی پاکستان کے دوران لاکھوں افراد شہید ہوئے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست ہمارے دلوں میں خاص مقام رکھتا ہے ،میں زمرد خان کو پاکستان کے لاکھوں یتیم بچوں کے لیے سویٹ ہوم کے اقدام کو سراہتا ہوں۔ 14سال قبل بطور وزیراعظم پاکستان میں نے چند بچے زمرد خان کے حوالے کئے تھے آج ہمارے پاس ہزاروں بچے ہو چکے ہیں، ان بچوں کے لیے محفوظ،پیارا او ر شاندار ماحول کا قیام قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت اور ضرورت کو پورا کرنا ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے۔یہ بچے آج ملک کا انتہائی قیمتی اثاثہ بن چکے ہیں۔ یہ بچے ڈاکٹر، انجینئر، استاد و دیگر بن کر ملک کی خدمت کریں گے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں ہم نے بے شمار جانی و مالی قربانیاں دیں، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی حالیہ لہر کو ختم ہونا چاہئے جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کیلئے خطر ناک ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کا پودا جو 14برس قبل لگایا گیا تھا آج ایک تن آور درخت بن چکا ہے۔

پاکستان سویٹ ہوم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق قائم کرنا قابل تحسین ہے اور زمرد خان پوری قوم کے لیے فخر کا باعث بن گئے ہیں۔ آج یہاں پاکستان کا سب سے لمبا جھنڈا لہرایا گیا ہے جو بہت خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایک بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہیں، آج ہم ان بچوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم سب ان کے اپنے ہیں اور یہ سب ہمارے اپنے بچے ہیں۔میں زمرد خان سمیت تمام ڈونرز کا انتہائی مشکو ر ہوں جو اس عظیم کام میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔زمرد خان اور پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں اور غیر متزلزل لگن کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔