راولپنڈی۔19نومبر (اے پی پی):زرعی ترجمان نے کہاہے کہ کپاس زراعت میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر انحصار کپاس کی فصل پر ہے۔ پاکستان دنیا کے کپاس پیدا کرنے والے 60 ممالک میں پیداوار کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے۔ کپاس کی مجموعی پیداوار کا تقریباً 75 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے۔ کپاس اور اس کی مصنوعات کے معیار کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر محکمہ زراعت پنجاب ٹھوس اقدامات کررہی ہے جن سے کپاس کے ضرر رساں کیڑے خاص طور پر گلابی سنڈی کی تلفی یقینی بنائی جاسکے۔ ان اقدامات میں کپاس کی صاف چنائی کے بعد گلابی سنڈی کے تدارک کے لیے حکمت عملی اہمیت کی حامل ہے۔