27.1 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومزرعی خبریںپاکستان کپاس کی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے آذربائیجان سے کپاس درآمد کرسکتا...

پاکستان کپاس کی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے آذربائیجان سے کپاس درآمد کرسکتا ہے،صدر فیصل آباد چیمبر

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 17 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ آذربائیجان کا شمار پاکستان کے بہترین دوست ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ بین الاقوامی مسائل پر کھل کر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے جبکہ آذربائیجان بڑی مقدار میں کپاس پیدا کرتا ہے اسلئے پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کیلئے ہم اس دوست ملک سے کپاس منگوا کر اپنی مقامی اور برآمدی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں۔

وہ فیصل آباد چیمبر کا دورہ کرنیوالے آذربائیجان کے 2رکنی تجارتی وفد سے بات چیت کے دوران دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کررہے تھے

- Advertisement -

انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں آذربائیجان کے وفد کے دورے کو انتہائی بروقت قرار دیا اور کہا کہ یہ تیل کی دولت سے مالا مال ملک ہے جس سے ہم اپنی توانائی کی ضروریات کو بھی پورا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان انتہائی اچھے تعلقات ہیں جن سے ہمیں پائیدار بنیادوں پر معاشی فوائد حاصل کرنے کیلئے نجی شعبوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنا چاہیے۔

انہوں نے آذربائیجان کے ترقی یافتہ سیاحت کے شعبے کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان شمالی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے اس دوست ملک کے تجربہ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے جبکہ ہم انہیں ٹیکسٹائل کے شعبہ کیلئے اعلیٰ ہنر مند افرادی قوت بھی مہیا کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل وفد کے سربراہ اور پرائم کاٹن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روشن محمودف نے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے جس میں انہیں پاکستان کی بزنس کمیونٹی سے براہ راست تعلقات بڑھانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی فرم کپاس کے علاو ہ یارن اور فیبرکس بھی پاکستان کو برآمد کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اُن کے ملک میں کپاس کی فاضل پیداوار ہوتی ہے جس سے یارن اور فیبرکس بنایا جا رہا ہے جبکہ ان کی ویلیو ایڈیشن کیلئے انہیں پاکستانی ماہرین کی خدمات بھی درکار ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں پاکستان سے تجارتی تعلقات کو مزید بڑھائیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ کو نادر آرائشی قالین کا تحفہ پیش کیا۔صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے انہیں پھولوں کا گلدستہ اور شیلڈیں پیش کیں جبکہ مہمانوں کو چیمبر کی اعزازی پنز بھی لگائی گئیں۔اس موقع پر جی پی کاٹن کے ڈپٹی چیئرمین مسٹر رچرڈ مورگن، ریحان ناصر، یوسف بھراڑہ اور احمد بھراڑہ بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=536857

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں