لاہور/کراچی۔18جنوری (اے پی پی):این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 233 رنز کا ہدف 45 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عثمان صلاح الدین ناٹ آﺅٹ 67 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اوپنر طیب طاہر نے 60 اور کپتان سعد نسیم نے 42 رنز بنائے۔سدرن پنجاب کے اسپنر زاہد محمود نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپنرز مختار احمد اور شان مسعود کی 133 رنز کی ابتدائی شراکت کے باوجود سدرن پنجاب کی پوری ٹیم45.2اوورز میں 232 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ مختار احمد 98 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 94 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔کپتان شان مسعود 49 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔سنٹرل پنجاب کے اسپنرز رضا علی ڈار اور ظفر گوہر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔سدرن پنجاب کے مختار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا۔اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کے پی نے افتخار احمد اور عادل امین کی 168 رنزکی شراکت کی بدولت ناردرن کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ کے پی نے 325 رنز کا ہدف 10 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔افتخار احمد نے 110 گیندوں پر 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 123 رنز کی اننگز کھیلی۔ عادل امین نے 78 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 93 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔فخر زمان 42 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ ناردرن کے اطہر محمود نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ اس سے قبل ناردرن کی پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 324 رنز بناکر آﺅٹ ہوئی۔ نوجوان اوپنر حیدر علی نے 87 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے۔کپتان روحیل نذیر 68 اور عمر امین 67 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔خیبرپختونخوا کے عرفان اللہ شاہ نے 4 جبکہ محمد عمران اور محمد وسیم جونیئر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں شاندار سنچری بنانے پر افتخار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سندھ نے 117 رنز کا مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنر خرم منظور 56 اور دانش عزیز46 رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 95 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ بلوچستان کے تاج ولی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اسپنر حسان خان کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت بلوچستان کی پوری ٹیم 25.3 اوورز میں 116 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 15 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے حسان خان کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔ عمران فرحت 32 اور ایاز تصور 21 رنز بناکرآﺅٹ ہوئے۔چھٹے راو ¿نڈ کے اختتام پر سندھ اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں آٹھ، آٹھ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشنز پر براجمان ہیں۔ناردرن اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں چھ، چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ سدرن پنجاب اور بلوچستان کی ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد چار، چار ہے۔