اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) پاکستان کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے توسیعی سہولت فنڈ (ای ایف ایف) کے تحت 991.4 ملین ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کے ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے توسیعی سہولت فنڈ (ای ایف ایف) کے تحت 991.4 ملین ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی ہے جو کہ آئی ایم ایف کے مانیٹری ریزروکرنسی میں 716 ملین کے مساوی ہے۔3 جولائی کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالر کے قرضہ کے ضمن میں توسیعی فنڈ سہولت کی منظوری دی تھی، اس سہولت کے تحت پاکستان کو 39 ماہ کے عرصہ میں مجموعی طورپر6 ارب ڈالر کا قرضہ اقساط میں ملے گا۔انتظامی بورڈ سے منظوری کے بعد پاکستان کیلئے فوری طورپر تقریباً ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کی گئی ہے جس کا مقصد ملک میں پائیدارترقی اوربڑھوتری کیلئے اصلاحات کے عمل میں معاونت فراہم کرنا ہے۔