اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):کمبوڈیا میں تعینات پاکستان کے سفیر ظہیر الدین بابر تھہیم نے کہا کہ پاکستان کیلئے کمبوڈیا کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا تاجر برادری ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کرے جبکہ سفارتخانہ اس سلسلے میں ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زیادہ تر مال باہر سے درآمد کرتا ہے لہذا پاکستان کمبوڈیا کو ٹیکسٹائل، گارمنٹس، فارماسوٹیکلز اور کمیکلز سمیت متعدد مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔ ظہیرالدین بابر تھہیم نے کہا کہ کمبوڈیا کا نجی شعبہ پاکستان کے ساتھ کاروباری تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے لہذا آئی سی سی آئی اپنا ایک وفد کمبوڈیا بھیجنے پر غور کرے تا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے باہمی تجارت کی اصل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا میں تعمیراتی شعبہ اس وقت تیزی سے ترقی کر رہا ہے لہذا پاکستان کی کاروباری برادری کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ کمبوڈیا کو تعمیراتی سامان بھیجنے کے مواقع تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا میں سیاحت کا شعبہ بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور مشرق وسطیٰ سے سیاح کمبوڈیا کا رخ کرتے ہیں جس وجہ سے وہاں حلال گوشت کی کافی مانگ پائی جاتی ہے لہذا پاکستان کیلئے کمبوڈیا کے ساتھ حلال گوشت کی برآمد کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کمبوڈیا کے ساتھ تجارت و برآمدات کے مواقع تلاش کرنے میں سفارتخانہ تاجر برادری کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے میں سفارتخانے نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا کی مارکیٹ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے ناآشنا ہے لہذا سفارتخانہ وہاں کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بارے معلومات حاصل کر کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ شیئر کرے تا کہ کاروباری برادری ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ماربل و گرینائٹ، انجینئرنگ گڈز، آلات جراحی اور آئی ٹی مصنوعات سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات کمبوڈیا کی مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی متعدد ممالک کی طرف اپنے تجارتی وفود بھیجنے کی منصوبہ بند ی کر رہا ہے اور کمبوڈیا کیلئے بھی ایک وفد تشکیل دینے پر غور کیا جائے گا تا کہ اس مارکیٹ میں پاکستان کیلئے کاروبار کے مواقع تلاش کئے جائیں۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط قائم کر کے پاکستان اور کمبوڈیا کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں پاکستان کیلئے کاروبارو سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں سفارتخانوں کا اہم کردار ہے اور امید ہے کہ کمبوڈیا میں پاکستان کا سفارتخانہ اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔