اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہاہے کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ روایتی دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے،فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے میں ترقی یافتہ ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں تعینات کینیڈا کی ہائی کمشنر ونڈی گلیمور سے گفتگوکرتےہوئے کیاجنہوں نے پیر کویہا ں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، تجارتی و سماجی روابط کو بڑھانے کے علاؤہ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ روایتی دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔ تجارتی حجم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ، کاروباری طبقے کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی ضرورت ہے ۔ عوامی ، تجارتی و پارلیمانی سطح پر دوطرفہ تعاون پاکستان اور کینیڈا تعلقات کو مزید تقویت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ نے کینیڈا کی قیادت اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نسلی امتیاز سے پاک، انصاف اور مساوات پرمبنی روئیے عالمی امن کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے میں ترقی یافتہ ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون سے پورے خطے میں انسانی معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
پاکستان میں تاریخ کے بد ترین سیلاب نے لاکھوں لوگوں کو بے گھر کر دیا۔ قدرتی آفات کسی بھی ملک یا معاشرے کے لئے بڑا چیلنج ہوتے ہیں ۔صادق سنجرانی نے کہاکہ کوئی بھی ایسے ہنگامی حالات کا مقابلہ اکیلے نہیں کر سکتا ، ترقی یافتہ ممالک مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی معاونت کے لئے آگے بڑھیں،ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=324405