پاکستان کی اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصی کے احاطہ پر دھاوا بولنے کی شدید مذمتپاکستان کی اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصی کے احاطہ پر دھاوا بولنے کی شدید مذمت

Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پاکستان نے اسرائیلی قابض افواج کی سرپرستی میں اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصی کے صحنوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اتوار کو جاری ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس اشتعال انگیز اقدام سے قبلہ اول کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے واقعات بین الاقوامی قوانین، بین الاقوامی اصولوں اور اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ مسجد اقصی کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو بند ہوناچاہیے۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت اور خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے، جو خطے میں تشدد، کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کی روشنی میں دیرپا اور منصفانہ حل کے لیے، پاکستان ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے لیے اپنے موقف کی تجدید کرتا ہے، جس کی 1967 سے پہلے کی سرحدیں ہوں، اور اس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔