اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں انسانی امداد کی بندش اور غزہ کو بجلی کی سپلائی روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم مغربی کنارے اور غزہ کے لوگوں کے خلاف مسلسل اسرائیلی حملے کی بھی مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم جانوں کا المناک نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب فلسطینی عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فوری ضرورت ہے، اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں بشمول فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے قائم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی کارروائیوں کو ختم کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے سمیت امدادی ایجنسیوں کو ان کے اہم کاموں کو انجام دینے سے روکنا اسرائیل کی انسانی امداد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور فلسطین کے لوگوں کو غیر انسانی بنانے کی منظم مہم کا حصہ ہے۔
انہوں نے مغربی کنارے اور غزہ میں دشمنی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور فوری ضرورت مندوں تک غیر محدود انسانی رسائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کو ختم کرنے کے لیے قدم بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572012