اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں منگل کو ہونے والے تین دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دفتر خارجہ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں دہشت گردی کے ان واقعات میں لقمہ اجل بننے والوں کے خاندانوں سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے اور ہم دکھ کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ افغانستان اور عالمی برادری دہشت گردی کی لعنت کے خلاف قریبی تعاون میں شامل ہوں۔
C