پاکستان کی اقتصادی ترقی میں آٹو موٹیو انڈسٹری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، رانا تنویر حسین

146

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے ملک کی معاشی ترقی میں آٹو انڈسٹری کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے 40 آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ممالک میں سے ایک ہے، پاکستان کی اقتصادی ترقی میں آٹو موٹیو انڈسٹری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان آٹو پارٹس شو2024 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے مقامی مینوفیکچررز کی اعلیٰ معیار کے پارٹس تیار کرنے کی صلاحیت کو سراہا اور صنعت کے مستقبل کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ مجھے ایونٹ کا تھیم ’’ہماری اپنی آٹو صنعت ‘‘بہت پسند آیا، ہم سب نے مل کر پاکستان کی ترقی کو مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اور زرعی ترقی کو تیز کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 40 آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ممالک میں سے ایک ہے، ملک کی اقتصادی ترقی میں آٹو موٹیو انڈسٹری کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آٹو پارٹس مینوفیکچررز کا ایک وسیع تجربہ رکھتا ہے، ہمارے مینوفیکچررز عالمی معیار کے مطابق انتہائی پیچیدہ پارٹس تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رانا تنویر حسین نے ایونٹ میں مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے انڈسٹری میں نئی جدت آئے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نمائش صنعتی ترقی کے فروغ اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے اہم ہے۔ وفاقی وزیر نے مختلف مینوفیکچرنگ یونٹس کا بھی دورہ کیا، ایونٹ کا انعقاد پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکسیسریز مینوفیکچررز نے لاہور ایکسپو سینٹر میں کیا۔