اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں اس ملک کا تاج ہیں، اس ملک نے ہمیں عزت اورمرتبہ دیا ہے، ہم اس دھرتی کے بیٹے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد وزارت اقلیتی امور صوبوں کو منتقل ہوگئی ہے اور صوبے اب اقلیتوں کے لئے مناسب فنڈز مختص کر رہے ہیں، مخصوص نشستوں پر منتخب اقلیتی ممبران اور خواتین کے لئے فنڈز مختص کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم سے بات کریں گے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں نوید عامر جیوا کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد اقلیتوں کی وزارت صوبوں کو منتقل ہوگئی ہے اور وہ ان کے لئے مناسب فنڈز رکھتے ہیں،بین الصوبائی رابطے کی وزارت اس کے باوجود فنڈزرکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور خواتین کو فنڈزکی فراہمی کے لئے وزیر اعظم سے بات کریں گے، ہمارے پڑوس میں ایک ملک میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جاتا ہے ایسا پاکستان میں نہیں ہے، ہمارا آئین اور دستور اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے۔