اقوام متحدہ ۔7مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عالمی ادارے کے اعلیٰ رہنماؤں سے رابطہ کیا اور انہیں پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف حصوں پر بھارت کے متعدد میزائل حملوں سے ملک کی خودمختاری اور بین الاقوامی قانون خلاف ورزی بارے آگاہ کیا۔
پاکستانی مشن کی پریس ریلیز کے مطابق سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کو بھارت کی جارحیت سے آگاہ کیا جس سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرہ ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے
کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں درج اپنے دفاع کے حق کے مطابق اپنی پسند کے وقت اور جگہ پر اس جارحیت کا مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔قبل ازیں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے لائن آف کنٹرول اور پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر بھارتی فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کی اپیل کی ۔\
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593731