پاکستان کی الجزائر انٹرنیشنل اکنامک فیئر2023 میں بھرپور شرکت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی نگرانی میں 20 سے زائد پاکستانی تاجروں نے 11 کمپنیوں کی نمائندگی کی

210

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان نے الجزائر انٹرنیشنل اکنامک فیئر2023 میں بھرپور طریقے پر شرکت کی، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی نگرانی میں 20 سے زائد پاکستانی تاجروں نے 11 کمپنیوں کی نمائندگی کی۔

پاکستان میں الجزائر کے سفارتخانے سے پیر کو جاری بیان کے مطابق 18 سال کے بعد پاکستان نے الجزائر کے دارالحکومت الجزیرہ میں ہونے والے انٹرنیشنل اکنامک فیئر کے54 ویں سیشن میں شرکت کی۔ الجزائر کے صدر کی سرپرستی میں منعقدہ انٹرنیشنل اکنامک فیئر میں 638 کمپنیوں جن میں الجزائر کی 473 کمپنیاں اور 157 سرکاری ادارے شامل ہیں شریک ہوئے جبکہ افریقہ، یورپ، ایشیا، لاطینی امریکہ اور عرب خطے کے 30 ممالک کے 165 نجی اداروں نے بھی انٹرنیشنل اکنامک فیئر میں شرکت کی۔

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی نگرانی میں ایک اہم وفد نے الجزائر انٹرنیشنل اکنامک فیئر میں شرکت کی جس میں 20 سے زائد تاجروں نے 11 کمپنیوں کی نمائندگی کی جو ٹیکسٹائل، سپورٹس ویئر، فارماسیوٹیکل انڈسٹری، فوڈ انڈسٹری سمیت مختلف شعبوں کام کررہی ہیں۔

بیان کے مطابق انٹرنیشنل اکنامک فیئر میں پاکستانی شرکت کامیاب اور نتیجہ خیز رہی، سال رواں دونوں ممالک کے درمیان تبادلے اور اقتصادی و تجارتی تعاون کے تعلقات کو فروغ دینے کا ایک مثبت موقع ہے۔ 2023 دونوں برادر ممالک الجزائر اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔