پاکستان کی انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے انتخابات میں آسٹریلیا سے حمایت کی درخواست

63

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن انتخابات میں آسٹریلیا سے حمایت کی درخواست کی ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی سے پاکستان میں تعیناتی آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس دوران دونوں ممالک کے قریبی تعلقات اور ہم آہنگی سے متعلق بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں گہری دلچسپی ظاہر کی جبکہ وفاقی وزیر نے انہیں میری ٹائم کے لیے اپنے وژن اور وزارت سنبھالنے کے بعد سے اب تک اس شعبے میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق بھی آگاہ کیا ۔علی زیدی نے آئی ایم او (انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن) کے انتخابات میں پاکستان کے لیے آسٹریلیا سے حمایت کی درخواست کی ۔

اس حوالے سے ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ وہ مطلوبہ تعاون حاصل کرنے کے لیے آسٹریلوی حکام سے بات کریں گے ۔ ملاقات کے دوران مستقبل میں قریبی رابطہ رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اپنے استقبال پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔