جنیوا۔13اکتوبر (اے پی پی): اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے ایک قراردادکے مسودے کی منظوری دی جس میں ترقی کے حق کو بطور انسانی حق قرار دیا گیا ہے اورترقی میں انسانی ترقی کے مرکزی کردار کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ یہ قرارداد پاکستان کےسفیر ضمیر اکرم نے پیش کی۔
ضمیر اکرم جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کےرائٹ ٹو ڈویلپمنٹ سے متعلق ورکنگ گروپ کے چیئر مین ہیں۔ 47 رکنی کونسل میں مسودے کی حمایت میں 29 اور مخالفت میں 13 ووٹ پڑے جبکہ 5 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ایک ماہر نے کہا کہ تقریباً 40 سال کی بین الحکومتی بات چیت کے بعد ترقی کے حق کو فروغ دینے کی طرف یہ اہم کامیابی ایک اہم سنگ میل ہے۔
ترقی کرنے کا حق ایسا انسانی حق ہے جو ترقی پذیر ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے عالمگیر اعلامیہ کے تحت گزشتہ چار عشروں سے اپنےشہریوں کو فراہم کر رہے ہیں اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ترقی کرنے کاحق دیگر انسانی حقوق کا حصہ ہے ، اس حق کو ان دیگر انسانی حقوق سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا ، یہ ان سے منسلک ہے اور اس حق اور دیگر انسانی حقوق کا ایک دوسرے پر انحصار ہے۔
ہیومن رائٹس کونسل نے2018 میں ورکنگ گروپ کے سربراہ پاکستانی سفیرضمیر اکرم کو ترقی کے حق سے متعلق قانونی طور پر پابند کرنے والے معاہدے کا مسودہ تیار کرنے کا حکم دیا تھا جو کونسل کے مئی 2023 کے اجلاس میں پیش کیا گیا تھا اور کونسل نے اسے منظور کر لیا تھا۔اقوام متحدہ میں مختلف ممالک کے مندوبین قرار داد کے مسودے کی منظوری کو پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔