جیونجو۔27جون (اے پی پی):پاکستان نے ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ جنوبی کوریا میں جاری چیمپئن شپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں سعودی عرب کو 15-71 گول سے ہرا دیا۔ پاکستان کی جانب سے لیا رضا شاہ، علیشا نوید، سمعیہ صفدر، حلیمہ، سرینہ حسین، جیسمین فاروق، فرح رشید اور پریسہ نے میچ کے دوران اچھا کھیل پیش کیا۔
قومی ٹیم کی سعودی عرب کے خلاف کامیابی پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین مدثر آرائیں، صدر ثمین ملک اور سیکرٹری جنرل محمد ریاض نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ کل (ہفتہ کو) تائیوان کے خلاف کھیلے گا۔
تیسرا میچ کوریا کے ساتھ 29 جون کو جبکہ پاکستان اپنے گروپ میں اپنا چوتھا اور پانچواں میچ جاپان اور مالدیپ کے ساتھ بالترتیب 30 جون اور یکم جولائی کو کھیلے گا۔ چیمپئن شپ میں گیارہ ملکوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت شامل ہیں۔پاکستان کو گروپ بی میں چائنیز تائپے، جاپان، کوریا، مالدیپ اور سعودی عرب کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ چیمپئن شپ 4 جولائی 2025ء تک جاری رہے گی۔