پاکستان کی برکس گروپ میں شمولیت خطے میں اقتصادی اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہو گا، مہر کاشف یونس

94
مہر کاشف یونس

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ پاکستان کی برکس گروپ میں شمولیت خطے میں اقتصادی اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہو گا۔ اتوار کو یہاں گولڈ اکنامک رنگ فورم کے زیراہتمام ’خطے میں برکس بلاک کا کردار‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زراعت، ٹیکنالوجی اور توانائی جیسے شعبوں میں پاکستان کی مہارت بلاک کی مجموعی ترقی اور نمو میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستان کی شمولیت سے بلاک کی صلاحیت اور اثر و رسوخ میں مزید اضافہ اور تمام رکن ممالک کو بہت سے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں جبکہ جنوبی ایشیائی خطے میں استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شامل کر کے یہ بلاک قیام امن کی کوششوں میں فعال کردار اور پڑوسی ممالک کے درمیان بات چیت میں سہولت فراہم کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان متنوع معیشت، سٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور 241 ملین سے زائد آبادی کا ملک ہے۔ پاکستان کو برکس بلاک میں شامل کر کے رکن ممالک نئی منڈیوں تک رسائی، مضبوط تجارتی تعلقات اور سرحد پار سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بلاک برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل ہے اور اقتصادی ترقی، تجارت اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ یہ دنیا میں خود کو ایک مضبوط قوت کے طور پر تسلیم کرا چکا ہے۔

مہر کاشف یونس نے کہا کہ ہماری اعلیٰ قیادت کو برکس کی لیڈرشپ کے ساتھ بات چیت شروع کرنے پر غور کرنا چاہیے تاکہ پاکستان کو بلاک میں شامل کرنے میں ان کی دلچسپی اورخواہش کا اندازہ لگایا جا سکے۔