اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی حکام کی طرف سے مسلم کانفرنس جموں و کشمیر کے بٹ اور سمجھی دھڑوں پر پابندی عائد کرنے اور جماعت اسلامی جموں کشمیر پر موجودہ پابندی کو مزید پانچ سال تک بڑھانے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ اس فیصلے کے بعدبھارت کے غیرقانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر میں آٹھ کشمیری سیاسی جماعتوں کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاسی جماعتوں کی قیادت اور کارکنان کو بھی ظلم و ستم کا سامنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ جابرانہ اقدامات بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی حقوق کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیرمیں اختلاف رائے اور اظہار رائے کی آزادی کو دبانے کے بھارت کے مکروہ ارادے کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کالعدم کشمیری جماعتوں پر سے پابندیاں فوری اٹھائے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔