پاکستان کی بھارتی وزیر دفاع کے غیر ضروری، بلاجواز اور اشتعال انگیز تبصروں کی مذمت

60

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے غیر ضروری، بلاجواز اور اشتعال انگیز تبصروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے دہشت گردی کے تناظر میں پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرکے اور دھمکیاں دے کر تسلیم شدہ تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی ہے، پاکستان بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے، بی جے پی کے لیڈر کسی بھی غلط مہم جوئی سے باز رہیں اور انتخابی فائدے کے لئے ملکی سیاست میں پاکستان کو گھسیٹنا بند کریں۔

پیر کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا، فریب کارانہ سوچ کو اپنانا اور جھوٹی بہادری سے خود کو مطمئن کرنا بی جے پی کی خاصیت ہے۔ جب بھی ہندوستان کی اہم ریاستوں میں انتخابات قریب ہوں ، بی جے پی رہنما اس قسم کی گفتگو کا سہارا لیتے ہیں ۔ایسے وقت میں بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز تبصروں کا وقت حیرت کی بات نہیں کیونکہ بی جے پی۔آر ایس ایس گٹھ جوڑ انتہا پسند ہندو توا ایجنڈے کو ہوا دے کر اتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں انتخابات جیتنے کیلئے کوشاں ہے۔

بھارتی وزیر دفاع کا سینہ زوری اور جنگی جنون بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور پاکستان کے خلاف اس کی مسلسل جارحیت کا واضح ثبوت ہے۔جہاں تک دہشت گردی کے مسئلے کا تعلق ہے تو عالمی برادری اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ ہندوستان کی ہندوتوا سے متاثرہ حکومت کس طرح مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ سال نومبر میں پاکستان نے ایک جامع ڈوزیئر بھی پیش کیا تھا جس میں ہندوستانی حکومت کی پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی، مدد کرنے، اْبھارنے، مالی معاونت کرنے کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کئے گئے تھے۔ترجمان نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان بھارت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

ہم نے ماضی قریب سمیت اس سلسلے میں اپنے عزم اور صلاحیت کا بھر پور مظاہرہ بھی کیا ہے۔بی جے پی کے لیڈروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی غلط مہم جوئی سے باز رہیں اور انتخابی فائدے کے لئے ملکی سیاست میں پاکستان کو گھسیٹنا بند کریں۔