اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):پاکستان کی بھارت کے ساتھ تجارت کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ بدھ کو ترجمان وزارت تجارت نے ایک بیان میں کہا کہ وزارت تجارت 46 ممالک میں 57 تجارتی مشنوں کا انتظام کرتی ہے، ان ممالک میں نئی دہلی بھارت میں تجارت اور سرمایہ کاری کا عہدہ شامل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی میں تجارت اور سرمایہ کاری کا عہدہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے، اس کا بھارت کے ساتھ تجارت چلانے یا موجودہ تناظر میں کسی اور طرح سے کوئی تعلق نہیں ہے، نئی دہلی سمیت تجارت اور سرمایہ کاری کے افسران کے انتخاب کا عمل دسمبر، 2021ء میں شروع ہوا، انٹرویو بورڈ کی حتمی سفارشات یکم اپریل2022ء یعنی پچھلی حکومت کے دوران وزیر اعظم کے دفتر کو بھیجی گئی تھیں۔
ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 15 ٹریڈ آفیسرز کے انتخاب کے لئے پچھلی حکومت کی سفارشات پر حتمی منظوری دی، تجارت اور سرمایہ کاری افسر نئی دہلی کی تقرری کو بھارت کے ساتھ تجارتی پابندیوں میں کسی نرمی کے تناظر میں نہیں دیکھا جاسکتا۔