پاکستان کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کوان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی مذمت

131
China

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں قابض حکام کی طرف سے منظم طریقے پر کشمیریوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کی مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے محافظوں اور سیاسی کارکنوں کی جائیدادوں کو سیل کرنے اور ضبط کرنے کی مہم میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے بھارتی حکام نے ایک بار پھر انسداد دہشت گردی کے قانون کو استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں کئی جائیدادوں کو ضبط کیا۔ ترجمان نے کہا کہ جائیدادوں پر قبضہ اختلاف رائے کو کچلنے اور انسانی حقوق کے محافظوں کو ستانے کا ایک ظالمانہ ذریعہ ہے، یہ طرز عمل اور اس قسم کے وحشیانہ بھارتی اقدامات کو ختم ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کی خاطر اقدامات کیے جائیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔