پاکستان کی بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت

73
Ministry of Foreign Affairs
Ministry of Foreign Affairs

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقہ میں آزادی پسند جماعتوں پر پابندیاں عائد کر رہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کی حقیقی آواز پر پابندیاں بدستور جاری ہیں، بھارتی قابض حکام نے 5 اکتوبر کو جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پانچ سال کی مدت کے لیے پابندی لگا دی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ، جماعت اسلامی جموں و کشمیر اور دختران ملت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ 2017 سے قید شبیر احمد شاہ کی قیادت میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی چوتھی کشمیری جماعت ہے جسے کالعدم قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت فوری طور پر اپنے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں کے خلاف پابندیوں کے اقدامات کو واپس لے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے تاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت استعمال کر سکیں۔