پاکستان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، پاکستان کو شکست دینے کے لئے اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی،جیمز اینڈرسن

136
پاکستان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، پاکستان کو شکست دینے کے لئے اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی،جیمز اینڈرسن

راولپنڈی۔29نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، پاکستان کو شکست دینے کے لئے اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی، کسی ایک کھلاڑی پر فوکس نہیں کیا ہوا، بابر اعظم کی وکٹ اہم ہے، دیگر بیٹرز کو بھی ٹارگٹ کیا ہوا ہے،17 سال بعد پاکستان آنے پر خوش ہوں۔

منگل کو راولپنڈی میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، پاکستان کے خلاف سیریز کے لئے تمام کھلاڑی پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے سیریز جیتنے کے لئے آئے ہیں، جارحانہ کرکٹ کھیلنے اور پاکستان پر دبائو ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

فاسٹ بائولر نے کہا کہ گرائونڈ اور پچ کے مطابق لائحہ عمل بنائیں گے، یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں، ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، بہترین کارکردگی دیکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں ٹریننگ کے دوران پرانی گیند سے بائولنگ کروا کر پریکٹس کی ہے، پاکستان میں مختلف اور چیلنجنگ کنڈیشنر میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی کنڈیشنر میں بائولنگ کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں سے اپنا تجربہ شیئر کروں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کبھی اپنے لئے ٹارگٹ سیٹ نہیں کئے، کرکٹ انجوائے کرتا ہوں، جب تک فٹ ہوں کھیلتا رہوں گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی سٹیڈیم میں شروع ہو گا