پاکستان کی بیٹنگ و باﺅلنگ دونوں فلاپ، جنوبی افریقہ نے شاہینوں کو فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے ہرا دیا

86

کیپ ٹاﺅن ۔ 30 جنوری (اے پی پی) پاکستان کی بیٹنگ چلی نہ باﺅلنگ، جنوبی افریقہ نے شاہینوں کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-2 سے جیت لی، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے، فخر زمان 70 رنز بنا کر نمایاں رہے، عماد وسیم نے 47 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 40 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، ڈی کوک 83 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان فاف ڈوپلیسی اور وانڈر ڈوسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 95 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، دونوں بلے باز 50، 50 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ ڈی کوک میچ اور امام الحق سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو کیپ ٹاﺅن میں کھیلے گئے آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں میزبان قائد فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے، گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 8 کے سکور پر اسے امام الحق کا نقصان اٹھانا پڑا جو 8 رنز بنا کر ڈیل سٹین کی گیند کا نشانہ بنے، 64 کے سکور پر بابر اعظم 24 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے، محمد حفیظ نے فخر زمان کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 108 کے سکور پر فیلک وایو نے حفیظ کو آﺅٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 17 رنز بنائے، 128 کے سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری جب فخر زمان جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 70 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد فیلک وایو کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے، محمد رضوان 10 رنز بنا کر چلتے بنے، 174 کے سکور پر گرین شرٹس کا اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کپتان شعیب ملک 31 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہو گئے، شاداب خان 19 رنز بنا کر ملڈر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، محمد عامر 6 رنز بنا کر چلتے بنے، عماد وسیم 47 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، پریٹوریس اور فیلک وایو نے 2، 2 جبکہ ڈیل سٹین، کگیسوربادا اور ملڈر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں جنوبی افریقن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 40 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے ٹیم کو 39 رنز کا آغاز فراہم کیا، آملہ 14 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر ہینڈرکس نے ڈی کوک کا ساتھ دیا، دونوں نے مل کر سکور 100 تک پہنچا دیا، یہاں پر محمد عامر نے ہینڈرکس کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی، 146 کے سکور پر پروٹیز کی تیسری وکٹ گری جب ڈی کوک جنہیں 12 رنز پر عثمان شنواری کی گیند پر نو بال پر چانس ملا تھا 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد عثمان کی ہی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس کے بعد ریسی وانڈر ڈوسن نے کپتان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ میں 95 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، دونوں بلے باز 50، 50 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، محمد عامر، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔