اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ ( ن) نے چینی چوروں کے ہاتھ مضبوط کیے،مافیا نے( ن) لیگ کے دور میں جڑیں پکڑیں،تحریک انصاف حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر قسم کے مافیا کو جڑ سے اکھاڑ کر ہمیشہ کیلئے دفن کر دے گی ۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا ،سب جانتے ہیں کہ جمعہ کا دن مسلم لیگ ( ن ) پر کتنا بھاری رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیس کی سماعت کی دوران ( ن) لیگی امیدوار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پورے حلقے میں نہیں تو 109 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرایا جائے،عدالتوں میں فیصلے (ن) لیگ کی مرضی سے نہیں ہونگے،سپریم کورٹ نے کہہ دیا ہے کہ 20 پریزائڈنگ افسران کی جیو فیسنگ کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں مسلم لیگ ( ن) نے چینی چوروں کے ہاتھ مضبوط کیے، مافیا نے( ن) لیگ کے دور میں جڑیں پکڑیں،تحریک انصاف حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر قسم کے مافیا کو جڑ سے اکھاڑ کر ہمیشہ کیلئے دفن کر دے گی ۔
عثمان ڈار نے کہا کہ کورونا کیوجہ سے پوری دنیا کی معیشت تباہ ہوئی،پاکستان پر اللہ نے اپنا کرم کیا ہے،کورونا وائرس کے باوجود ملکی معاشی صورتحال بہتر ہے،وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاون نہیں لگایا اور معیشت بہتر ہوئی،2021 ء معیشت اور روزگار کی بحالی کا سال ہے ۔