لاہور۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی سے مسلم لیگ (ن) کو نکال دیں تو پیچھے کچھ نہیں رہ جاتا، حکومت ملکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزبجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پراظہار تشکر کیلئے خیابان امین میں منعقدہ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پرسپیشل اسسٹنٹ ٹووزیراعظم طلحہ برکی ،ایم پی اے میاں عمران جاوید،راناراشد اوربی بی و ڈیری سمیت پارٹی رہنمائوں و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آئی اس نے عوام کی خدمت کی اور ملک کو بحرانوں سے نکالا ،ملک میں اندھیرے ختم کر کے روشنیوں میں بدلا،معیشت مستحکم ہو ئی ، دہشت گردی کا خاتمہ کیا ، مہنگائی میں کمی اور نوجوانوں کے لئے روز گار کے وسیع مواقع پید کئے ، پاکستان کی ترقی سے مسلم لیگ ن کو نکال دیں تو پیچھے کچھ باقی نہیں رہ جاتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے سے زائد کی کمی کر کے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں، انہوں نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے ، انشاء اللہ عوام کو جلد مزید خوشخبریاں بھی سننے کو ملیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں حکومت کی مثبت پالیسیوں کی بدولت پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ،مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی سربراہی میں حکومتی ٹیم ملک بھر میں بہترین اندازمیں عوام کی خدمت کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی کی ایک ناتجربہ کار حکومت نے عوام کے منہ سے کھانے کا نوالہ تک چھین لیا تھا،اس دور میں مہنگائی عروج پر چلی گئی تھی،ملکی معیشت عدم استحکام کا شکار ہو گئی،بے روز گاری میں اضافہ ہوا،برآمدات کم اور درآمدات کو فروغ حاصل ہوا، اگراس وقت محمد نواز شریف کی حکومت ختم نہ کی جاتی اور ایک نااہل شخص کے ہاتھوں میں ملک کی باگ ڈور نہ دی جاتی تو آج پاکستان کو اتنے زیادہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا اور ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوتا ۔
رانا مبشر اقبال نے کہا کہ ہمیں اللہ نے پاکستان کی خدمت کرنے کا ایک بار پھر موقع دیا ہے جسے ہم کسی صورت ضائع نہیں کریں گے، ہم ملک کو جلد ترقی یافتہ بنا لیں گے اور محمدشہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملکی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی ۔ریلی خیابان امین سے فیروزپور رو ڈ،لدھڑ ،بیدیاں اور مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی اختتام پذیر ہوگئی، ریلی میںکارکنان نے وزیراعظم محمد شہبازشریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578883