پاکستان کی ترقی کا راز ہنرمندی کی تعلیم و تربیت میں ہی پِنہاں ہے، مددعلی سندھی

112

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راز ہنرمندی کی تعلیم و تربیت میں ہی پِنہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت اہل طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کہ لئے یہ ضروری ہے کہ تمام صوبوں میں مزید سکلز ڈویلپمنٹ کے ادارے بنائےجائیں جہاں شارٹ کورسز کے تحت نوجوانوں کو خود مختار بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کا دارومدار ہنرمندی کی اعلیٰ تعلیم و تربیت سے وابستہ ہے کیونکہ یہ وہ تعلیم ہے جس سے نوجوان نسل اپنے لئے روزگار کے مواقع تلاش کر کے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔نگران وفاقی وزیر نے نیشنل سکلز یونیورسٹی کے دورہ پر مسرت و اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یونیورسٹی کے نصاب تعلیم اور نظام تربیت  جو کہ اعلیٰ نوعیت کا حامل ہے اسے دیگر صوبائی جامعات میں بھی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔

نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے معزز مہان خصوصی کے سامنے یونیورسٹی کی ابتدا ء سے اب تک کے ارتقائی  سفر  اور یونیورسٹی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے خستہ حالت سے نہایت ترقی یافتہ اور وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ادارے تک کا سفر نہایت خوش اسلوبی سے طے کیا ہے۔ یونیورسٹی اس وقت یونیسکو-یونیووک سے پاکستان کے واحد سند یافتہ ادارہ ہونے کا منفرد اعزاز بھی رکھتی ہے۔