اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے، پاکستان کو بطور ملک اپنی توجہ تعلیم پر واپس لانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار نے انہوں نے بطور مہمان خصوصی نیشنل ریڈنگ کانفرنس، بک فیئر اور پاکستان لرننگ فیسٹیول اسلام آباد کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں میں پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ادبی میلوں کے ذریعے ہم نوجوانوں کو پڑھنے کو ترجیح دینے کی ترغیب دے سکتے ہیں اور اس سے ایک پڑھی لکھی نسل پروان چڑھ سکتی ہے جو پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے تین سلسلے ہیں، سرکاری، نجی اور مدارس جو ملک میں تین مختلف طبقات پیدا کر رہے ہیں۔ مدد علی سندھی نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور سکول سے باہر بچوں کو کم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے سکولوں اور کالجوں کا دورہ کرنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے،
اسلام آباد کے سکول اور کالج باقی ملک کے لئے مثال بننے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے تمام صوبوں کی متعدد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے ملاقاتیں کی ہیں تاکہ پبلک ایجوکیشن سیکٹر کے موجودہ مسائل کو حل کرنے کے لئے یکساں منصوبہ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر یہ ضروری ہے کہ ہم خواتین کے خلاف ہر قسم کے تشدد کو روکنے اور انہیں یکساں مواقع فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ آج بھی نوجوان لڑکیاں سکول جانے کی بجائے کام کرنے پر مجبور ہیں، یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ہمارے ملک کی تمام خواتین کو مفت تعلیم فراہم کی جائے۔تین روزہ فیسٹیول میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے ادارہ تعلیم اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اشتراک سے "Todays Readers Tomorrows Learners” کے موضوع پر تین روزہ ‘پاکستان لرننگ فیسٹیول’ کا انعقاد کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414652