پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹوٹ انگ کا بھارتی دعویٰ پھر مسترد

اقوام متحدہ ۔ 3 جولائی (اے پی پی) پاکستان نے اٹوٹ انگ کا بھارتی دعویٰ ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر دونوں ممالک کے درمیان متنازعہ علاقہ ہے جس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ان خیالات کا اظہار عالمی ادارے میں پاکستانی مشن کے قونصلر سعد وڑائچ نے جنرل اسمبلی میں جنگ زدہ متاثرہ علاقوں میں عام شہریوں کے تحفظ کے موضوع پر مباحثے …

اقوام متحدہ ۔ 3 جولائی (اے پی پی) پاکستان نے اٹوٹ انگ کا بھارتی دعویٰ ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر دونوں ممالک کے درمیان متنازعہ علاقہ ہے جس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ان خیالات کا اظہار عالمی ادارے میں پاکستانی مشن کے قونصلر سعد وڑائچ نے جنرل اسمبلی میں جنگ زدہ متاثرہ علاقوں میں عام شہریوں کے تحفظ کے موضوع پر مباحثے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔وہ بھارتی مندوب سندیپ کمار بیاپو کے اس دعوے پر جواب کا حق استعمال کر رہے تھے جس میں بھارتی مندوب نے ایک بار بھر جموں و کشمیر کے بھارت کا اٹوٹ انگ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ رہا ہے نہ کبھی ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں میں جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو واضح طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور قراردادوں کی حیثیت قانونی اور ان پر عملدرآمد لازم ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جاری مباحثے کے دوران اس بات کو اجاگر کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کو قتل اور انہیں پیلٹ گنز کے استعمال سے بینائی سے محروم کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں اور خطے کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔