نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت بجلی کے شعبے میں مجوزہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کا اجلاس

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو یہاں بجلی کے شعبے میں مجوزہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری کے ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جس میں اہم اداروں …

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو یہاں بجلی کے شعبے میں مجوزہ اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری کے ایجنڈے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جس میں اہم اداروں کو مضبوط بنانا اور ان کی استعداد کار میں اضافہ بھی شامل ہے۔

نائب وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل صارفین کو سامنے رکھتے ہوئے ترتیب دیا جائے تاکہ جاری اصلاحات اور نجکاری کے نتیجے میں بجلی کے صارفین کے لیے زیادہ کارکردگی، پائیداری اور بہتر سہولیات یقینی بنائی جاسکیں۔ اسحاق ڈار نے اصلاحاتی عمل کو واضح نتائج، ادارہ جاتی مؤثریت اور بجلی کے شعبے کی طویل مدتی پائیداری پر بھرپور توجہ کے ساتھ آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں وزیر توانائی، وزیر اقتصادی امور، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، کابینہ اور پاور ڈویژن کے سیکریٹریز کے علاوہ نیشنل کوآرڈینیٹر این سی ایم سی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔