اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):پاکستان نے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے متعدد قانون سازی، پالیسی اور ادارہ جاتی اقدامات اٹھائے ہیں اور انسانی حقوق کونسل کے عالمگیر معیادی جائزہ کے معیارات کی روشنی میں بالخصوص خواتین ، بچوں، اقلیتوں ‘خواجہ سرائوں، مہاجرین ‘معذور افراد’ صحافیوں ، بزرگ شہریوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے بنیادی حقوق اور وقار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملک میں قانون کی حکمرانی، احتساب اور انصاف تک رسائی کو تقویت دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اپنے عوام کی شہری، سیاسی، معاشی، سماجی زندگیوں کے تحفظ اور انہیں آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
عالمگیر معیادی جائزہ میکانزم کے ذریعے انسانی حقوق کونسل وقتا فوقتا اقوام متحدہ کے ہر رکن ریاست کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کا جائزہ لیتی ہے پاکستان 30 جنوری 2023 کو جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اس اہم عمل کے تحت اپنا چوتھا جائزہ لے گا۔ پاکستان کا اس سے قبل 2017، 2012 اور 2008 میں جائزہ لیا گیا تھا۔ چوتھا جائزہ حکومت پاکستان کو انسانی حقوق کی پیشرفت، کامیابیوں اور 2017 میں آخری جائزے کے بعد کی گئی پیشرفت کا خاکہ پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ اے پی پی کو دستیاب سرکاری اعدادوشمار کے مطابق یو پی آر کے جائزے میں دی گئی تجاویز کی روشنی میں، حکومت نے انسانی حقوق کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے متعدد قانون سازی، پالیسی اور ادارہ جاتی اقدامات کیے ہیں۔
قانون سازی کے محاذ پر، حکومت نے خواتین، لڑکیوں، بچوں، ٹرانس جینڈرز، معذور افراد اور بزرگ شہریوں کے بنیادی حقوق، وقار اور آزادیوں اور ان کے تحفظ پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز کی ہے۔ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ویمنز پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2020، زینب الرٹ، ریسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ 2020 اور اینٹی ریپ (انوسٹی گیشن اینڈ ٹرائل)ایکٹ 2021 نافذ کیا گیا ہے۔ ٹرانس جینڈر پرسنز(پروٹیکشن آف رائٹس)ایکٹ 2018 ، ٹرانس جینڈر شہریوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ووٹنگ، وراثت، تعلیم، روزگار، جائیداد، عوامی علاقوں تک رسائی کے بنیادی حقوق کے حصول میں ان کے ساتھ کسی قسم کے امتیازی سلوک کی ممانعت کرتا ہے۔ آئی سی ٹی رائٹس آف پرسنز ود ڈس ایبلیٹی ایکٹ2020 کا نفاذ معذور افراد کے خلاف کسی بھی امتیازی کارروائیوں کی حفاظت اور روک تھام کے لیے نافذ العمل بنایا گیاہے۔
آئی سی ٹی سینئر سٹیزن ایکٹ 2022، کے تحت بزرگ شہریوں کو بھی امتیازی سلوک سے تحفظ حاصل ہے۔ حکومت نے ملک میں قانون کی حکمرانی، احتساب اور انصاف تک رسائی کو مضبوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ ان میں جووینائل جسٹس سسٹم ایکٹ2018 بھی شامل ہے، جو سماجی بحالی اور دوبارہ انضمام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نابالغوں کے مقدمات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع نظام وضع کرتا ہے۔ لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ایکٹ 2020 کے تحت پسماندہ اور کمزور طبقات کو انصاف تک سستی اور فوری رسائی فراہم کرنے کے لیے ایک قانونی امداد اور انصاف اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔
ٹارچر اینڈ کسٹوڈیل ڈیتھ(روک تھام اور سزا) ایکٹ 2022 ، زیر حراست تشدد، موت اور عصمت دری کو جرم قرار دیتا ہے اور زیر سماعت افراد کے مناسب عمل اور منصفانہ ٹرائل کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔جبری گمشدگیوں کو جرم قرار دینے کا بل پارلیمانی عمل سے گزر رہا ہے۔ ریاست کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے مطابق، انہوں نے مبینہ طور پر لاپتہ افراد کے کیسوں کو جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن کے ذریعے تیزی سے اور موثر طریقے سے نمٹایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ آن فورسڈ یا غیر رضاکارانہ گمشدگیوں سے موصول ہونے والے مبینہ کیسوں کی تعداد میں مجموعی کمی اس مثبت رجحان کی تصدیق کرتی ہے۔ حکومت نے صحافی برادری کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے بھی قابل اعتماد اقدامات کیے ہیں۔
پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ2021 (جرنلسٹ ایکٹ)اس کی ٹھوس مثال ہے۔ یہ ایکٹ صحافیوں اور میڈیا کے پیشہ ور افراد کو ڈرانے دھمکانے اور ہراساں کرنے کی کسی بھی صورت میں شکایت کے ازالے کے طریقہ کار کے طور پر کمیشن کے قیام کا تقاضا کرتا ہے۔ وبائی مرض کوویڈ، عالمی اقتصادی بدحالی اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے سنگین سماجی اور معاشی اثرات کے باوجود، حکومت نے غربت کے خاتمے، مناسب معیار زندگی فراہم کرنے، سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے اور عدم مساوات کو کم کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)ایک اہم اقدام ہے جس کے تحت غریبوں اور پسماندہ افراد کو غیر مشروط نقد رقم کی منتقلی کی گئی ہے۔
وبائی مرض کے دوران، یہ پروگرام کوویڈ 19 کی وبا سے متاثرہ غریب خاندانوں کی مدد کے لیے شروع کیا گیا اور تقریبا 14.9 ملین مستحقین کو تقریبا 180 بلین کی رقم 12 فی مستحق خاندان کے حساب سے تقسیم کی گئی ۔ مزید برآں، حکومت نیشنل پاپولیشن ایکشن پلان پر عمل درآمد کر رہی ہے جس کے ہدف کے ساتھ جنسی اور تولیدی صحت تک عالمی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کثیر الجہتی اقدامات بشمول تمام سرکاری اور نجی شعبے کی صحت کی سہولیات کی شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بچوں میں غذائیت کی کمی اورغذائی قلت سے لڑنے کے لیے ایک قومی مہم بھی جاری ہے۔ معاشی رکاوٹوں کے باوجود، پاکستان 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کے بنیادی حقوق کی حفاظت کر رہا ہے، جو پاکستانی شہریوں کے مساوی بنیادی سہولیات اور روزگار، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، پانی اور دیگر عوامی خدمات تک رسائی کے حقوق سے استفادہ کر رہے ہیں۔
یو پی آر میکانزم اور انسانی حقوق کے دیگر میکانزم کے ساتھ پاکستان کی مسلسل شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنے عوام کے شہری، سیاسی، معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انسانی حقوق کا تحفظ ایک مسلسل عمل ہے، جس کے لیے مناسب وسائل کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی اور قانونی اصلاحات کی بھی ضرورت ہے۔ کسی بھی ترقی پذیر ملک کی طرح، پاکستان کو وسائل کے چیلنجز کا سامنا ہے، بشمول وبائی امراض کے خارجی جھٹکے، بدلتی ہوئی آب و ہوا اور مشرقی یورپ میں ابھرتے ہوئے جغرافیائی سیاسی تنازعات۔ لہذا بین الاقوامی حمایت پاکستان کو اس کے قومی انسانی حقوق کے ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے میں مدد فراہم کرے گی۔